بنگلورو۔27؍نومبر(ایس او نیوز) کلبرگی قتل کی جانچ میں حکومت کرناٹک کی مبینہ لاپرواہی پر سپریم کورٹ کی سخت لتاڑ کے بعد آج وزیرداخلہ اور نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے جانچ کو اطمینان بخش قرار دیا اور کہا کہ معروف کنڑا ادیب پروفیسر ایم ایم کلبرگی کیس کی تحقیق میں ریاستی پولیس صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
پرمیشور نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں حقائق سے عدالت عالیہ کو باخبر کرایا جائے گا۔ ودھان سودھا میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی کانفرنس سے قبل اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ پروفیسر کلبرگی کے قتل کے سلسلے میں چند ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے، اور تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں۔ سپریم کورٹ نے اس کیس میں کس نکتۂ نظر سے ناراضی کا اظہار کیا اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عدالت کے سامنے یہ بات رکھی جائے گی کہ اس کیس میں پولیس کی طرف سے کافی پیش رفت ہوئی ہے ، چونکہ یہ معاملہ بین ریاستی نوعیت کا ہے، مہاراشٹرا کے دانشوران دابولکر ، گووند پنسارے اور بنگلور میں صحافی گوری لنکیش کے قتل کے واقعات ، پروفیسر ایم ایم کلبرگی کے قتل سے مماثلت رکھتے ہیں۔ اسی لئے ریاستی حکومت کا ایسا کوئی اراد ہ نہیں ہے کہ جلد بازی میں ان تمام کیسوں کو نپٹایا جائے۔
ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ گوری لنکیش قتل کیس میں دوسری چارج شیٹ داخل کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کو یقین ہے کہ کلبرگی قتل کیس میں آنے والے دنوں میں اور بھی پیش رفت ہوگی۔ کل شہر میں معروف اداکار امبریش کی آخری رسومات کے دوران نظم وضبط کی سختی سے نگرانی پر انہوں نے پولیس حکام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف بنگلور بلکہ منڈیا میں بھی امبریش کے دولاکھ سے زائد شیدائیوں نے وشویشوریا اسٹیڈیم میں ان کا دیدار کیا، اس دوران بھی نظم وضبط کو سختی سے برقرار رکھا گیا، اس کے لئے انہوں نے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ، شہر کے پولیس کمشنر اور دیگر حکام کو مبارکباد دی۔ امبریش کی آخری رسومات اور ان کے دیدار کے لئے کانگریس لیڈر اور ادا کارہ رمیا کے ندارد ہونے کے بارے میں لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ ہوسکتا ہے کہ ان کی غیر حاضری کی کوئی ذاتی وجہ ہوگی۔